MURDE (MARHOOM) KE NAAM SE QURBANI KARNA KAISA HAI
مرحوم کے نام سے قربانی کرنا کیسا ہے مع حوالہ جواب عنایت فرمائے
مسلم حضرت عائشہ رضی اللّٰہ تعالٰی عنہا سے راوی کہ رسول اﷲ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے حکم فرمایا کہ’’ سینگ والا مینڈھا لایا جائے جو سیاہی میں چلتا ہو اور سیاہی میں بیٹھتا ہو اور سیاہی میں نظر کرتا ہو یعنی اوس کے پاؤں سیاہ ہوں اور پیٹ سیاہ ہو اور آنکھیں سیاہ ہوں وہ قربانی کے لیے حاضر کیا گیا حضور( صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم )نے فرمایا:’’ عائشہ چھری لاؤ پھر فرمایا اسے پتھر پر تیز کر لو پھر حضور( صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم )نے چھری لی اور مینڈھے کو لٹایا اور اوسے ذبح کیا پھر فرمایا: ’’ بِسْمِ اللّٰہِ اَللّٰھُمَّ تَقَبَّلْ مِنْ مُّحَمَّدٍ ۔ وَاٰلِ مُحَمَّدٍ ۔ وَمِنْ اُمَّۃِ مُحَمَّدٍ ۔‘‘(’’ صحیح مسلم ‘‘ ، کتاب الأضاحی ، باب إستحباب إستحسان الضحیۃ ۔۔۔ إلخ ، الحدیث: ۱۹۔(۱۹۶۷) ص ۱۰۸۷) الٰہی تو اس کو محمد صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ وسلَّم کی طرف سے اور اون کی آل اور امت کی طرف سے قبول فرما۔
اس کی شرح میں مفتی امجد علی اعظمی علیہ رحمہ فرماتے ہیں۔
احادیث سے ثابت ہے کہ سید عالم حضرت محمد رسول اﷲ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے اس امت مرحومہ کی طرف سے قربانی کی یہ حضور( صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم ) کے بے شمار الطاف میں سے ایک خاص کرم ہے کہ اس موقع پر بھی امت کا خیال فرمایا اور جو لوگ قربانی نہ کرسکے اون کی طرف سے خود ہی قربانی ادا فرمائی۔ یہ شبہہ کہ ایک مینڈھا ان سب کی طرف سے کیونکر ہوسکتا ہے یا جو لوگ ابھی پیدا ہی نہ ہوئے اون کی قربانی کیونکر ہوئی اس کا جواب یہ ہے کہ یہ حضور اقدس صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ وسلَّم کے خصائص سے ہے۔ جس طرح حضور( صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم ) نے چھ مہینے کے بکری کے بچہ کی قربانی ابوبردہ رضی اللّٰہ تعالٰی عنہ کے لیے جائز فرما دی اوروں کے لیے اس کی ممانعت کر دی۔ اسی طرح اس میں خود حضور ( صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم ) کی خصوصیت ہے۔ کہنا یہ ہے کہ جب حضور ( صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم ) نے اُمت کی طرف سے قربانی کی تو جو مسلمان صاحب استطاعت ہو اگر حضور اقدس صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہٖ وسلَّم کے نام کی ایک قربانی کرے تو زہے نصیب اور بہتر سینگ والا مینڈھا ہے جس کی سیاہی میں سفیدی کی بھی آمیزش ہو جیسے مینڈھے کی خود حضور اکرم ( صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم )نے قربانی فرمائی۔
Comments
Post a Comment