ASRE HAZIR ME MUSALMAN KIYA KAREN POST (2)
(1) آج اہل اسلام کی تباہی و بربادی کی سب بڑی وجہ یہ ہے کہ وہ اسلامی تعلیمات سے دور ہوچکے ہیں، الا ما شاء اللہ، اور روز بروز دور ہوتے جارہے ہیں، وہ مغربی تہذیب سے قریب ہو چکے ہیں اور دن بدن قریب تر ہوتے جارہے ہیں، برائیوں سے نفرت نہیں کر رہے ہیں، نیکیوں سے محبت نہیں کر رہے ہیں، قرآن و حدیث کے احکام و فرامین سے دور بھاگ رہے ہیں، اسلام کو آئڈیل نہیں بنا رہے ہیں، اسلام کو رہنما نہیں بنا رہے ہیں، چلنے، پھرنے، اٹھنے، بیٹھنے، سونے، جاگنے، کھانے، پینے اور رہنے سہنے میں اسلام اور اس کی تعلیم کو فالو نہیں کر رہے ہیں، داڑھی کاٹنے کو عیب یا برا نہیں سمجھ رہے ہیں، گھٹنے کھلے کپڑے پہننے کو عیب یا برا نہیں سمجھ رہے ہیں، کھڑے ہو کر کھانے پینے کو عیب یا برا نہیں سمجھتے ہیں، ہمیں اور آپ کو یاد رکھنا چاہیے کہ اسلام سے دور رہ کر ہم آپ کامیاب نہیں ہوسکتے، اسلام سے دور رہ کر فتح و ظفر ہمارا مقدر نہیں بن سکتی، اسلام سے دور ہو کر ہمیں عزت و سرخروئی حاصل نہیں ہو سکتی، اسلام سے دور رہ ہو کر ہمارا وقار باقی نہیں رہ سکتا، اسلام سے دور ہو کر ہمارے مسئلوں کا حل نہیں نکل سکتا، اگر ہم آپ تبدیلی چاہتے ہیں، انقلاب چاہتے ہیں، چین و سکون چاہتے ہیں، عزت و وقار چاہتے ہیں، سرخروئی چاہتے ہیں، رفعت و سربلندی چاہتے ہیں، شان و شوکت چاہتے ہیں، ہر طرح کے دینی و دنیوی در پیش مسائل حل کرنا چاہتے ہیں، تو اس کے لیے ہم آپ کو اسلام کے قریب تر ہونا پڑے گا، ہمیں اور آپ کو اللہ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑنا ہوگا، ہمیں اور آپ کو ہر موڑ پر اسلام کو اپنا آئڈیل اور رہنما بنانا ہوگا، ہمیں اور آپ کو مکمل طور سے اسلام میں داخل ہونا پڑے گا، اللہ اور اس کے رسول عز و جل و علیہ الصلاة و السلام سے اپنا تعلق مضبوط کرنا ہوگا، اللہ اور اس کے حبیب کو راضی کرنا ہوگا، عز و جل و صلی اللہ تعالی علیہ و سلم، اور یہ انقلاب احتجاج سے نہیں آئے گا، یہ انقلاب ریلی سے نہیں آئے گا، مظاہرہ سے نہیں آئےگا، شکایت سے نہیں آئے گا، دلیل اور حوالہ سے نہیں آئے گا، میمورنڈم سونپنے سے نہیں آئے گا، حد محدود سے کم یا زیادہ سیکولر پنی دکھانے سے نہیں آئے گا، باقاعدہ کسی کی آرتھی اٹھانے سے انقلاب نہیں آئے گا، فیسبوک، ٹوئٹر، انسٹاگرام، اور ایمو پر آئی ڈی اور اکاؤنٹھ بنانے سے انقلاب نہیں آئے گا، یوٹوب پر چینل بنانے سے انقلاب نہیں آئے گا، فری فائر کھیلنے سے انقلاب نہیں آئے گا، پبجی کھیلنے سے انقلاب نہیں آئے گا، اگر انقلاب آئے گا تو قرآن کی راہنمائی میں آئے گا، حدیث کی روشنی میں آئے گا، بزرگان دین کے نقش قدم پر چلنے سے آئے گا، انقلاب نماز پڑھنے سے آئے گا، قرآن پاک کی تلاوت کرنے سے آئے گا، اللہ تعالی اور اس کے رسول صلی اللہ تعالی علیہ و سلم سے سچی محبت کرنے سے آئے گا، احتجاج ہر مسئلے کا حل نہیں ہے، احتجاج سے کتنی تبدیلیاں آپ نے دیکھی ہیں؟ مظاہرہ ہر مسئلے کا حل نہیں ہے، مظاہرہ سے کتنے انقلاب آپ نے دیکھے ہیں؟ ریلی ہر مسئلے کا حل نہیں ہے، ریلی سے کتنے بدلاؤ آپ نے دیکھے ہیں؟ اگر ریلی، احتجاج اور مظاہرہ ہر مسئلے کا حل ہوتا تو سی اے اے پاس ہی نہ ہوتا، اگر احتجاج ہر مسئلے کا حل ہوتا، تو اخلاق کی بیوی کو انصاف مل گیا ہوتا، پہلو خان کے قاتلوں کو سزا مل چکی ہوتی، آصفہ کے مجرموں کو سزا مل چکی ہوتی، نجیب اپنی ماں کے پاس واپس آچکا ہوتا، ڈاکٹر کفیل خان اور صفورا کو مہینوں جیل میں نہیں رہنا پڑتا، تو ریلی ہر مسئلے کا حل نہیں، قبل ولادت سے لے کر بعد وفات تک کے ہر ہر مسئلے کا حل نکلے گا، تو اسلام سے نکلے گا، قرآن و حدیث سے نکلے گا، اور صحیح معنوں میں انقلاب اور تبدیلی اس وقت آئے گی، جب ہم آپ مکمل طور سے اسلام میں داخل ہوجائیں گے، اور جب تک ہم آپ تبدیلیوں کے لیے تیاریاں نہیں کریں گے، بدلاؤ کے لیے کوششیں نہیں کریں گے، اس کے مقتضیات پر عمل نہیں کریں گے، تو کان کھول کر سن لیجیے اس وقت تک انقلاب نہیں آئے گا۔ اللہ تعالی قرآن مجید کے اندر ارشاد فرماتا ہے: اِنَّ اللّٰهَ لَا یُغَیِّرُ مَا بِقَوْمٍ حَتّٰى یُغَیِّرُوْا مَا بِاَنْفُسِهِمْؕ وَ اِذَاۤ اَرَادَ اللّٰهُ بِقَوْمٍ سُوْٓءًا فَلَا مَرَدَّ لَهٗۚ وَ مَا لَهُمْ مِّنْ دُوْنِهٖ مِنْ وَّالٍ (الرعد: آیت ۱۱) بیشک اللہ کسی قوم سے اپنی نعمت نہیں بدلتا جب تک وہ خود اپنی حالت نہ بدلیں اور جب اللہ کسی قوم کے ساتھ برائی کا ارادہ فرماتا ہے تو اسے کوئی پھیرنے والا نہیں اور اس کے سوا ان کا کوئی حمایتی نہیں
Comments
Post a Comment