روزہ کسے کہتے ہیں
🔹 روزہ کسے کہتے ہیں؟
مسئلہ: [1] روزہ شَریعت میں، مسلمان کا اپنے آپ کو عبادت کی نیت سے، صبح صادق سے غروب آفتاب تک قصداً [جان بوجھ کر] کھانے، پینے، اور جماع سے باز رکھنا، اسی طرح عورت کا حیض و نفاس سے خالی ہونا بھی شرط ہے۔ [عالم گیری]
🔹 روزہ کی نیت کرنا کب مستحب ہے؟
مسئلہ: [2] اگرچہ روزوں کی نیّت دن میں بھی ہو سکتی ہے، مگر رات میں نیّت کر لینا مستحب ہے۔ [جوہرہ]
🔹 کیا رات میں نیت کرنے کے بعد کچھ کھا پی لے تو دوبارہ نیت کرے؟
مسئلہ: [3] رات میں روزہ کی نیّت کی، پھر اس کے بعد رات ہی میں کچھ کھایا پیا، تو نیّت ختم نہ ہوئی، پہلی نیت کافی ہے، پھر سے نیّت کرنا ضروری نہیں۔ [جوہرہ]
🔹 کیا صرف روزہ توڑنے کی نیت کرنے سے روزہ ٹوٹ جائے گا؟
مسئلہ: [4] جس طرح نماز میں بات کرنے کی نیّت کی، مگر بات نہ کی تو نماز فاسد نہ ہوگی؛ یوں ہی روزہ میں توڑنے کی نیّت سے روزہ نہیں ٹوٹے گا، جب تک روزہ توڑنے والی چیز نہ کرے۔ [جوہرہ]
🔹 کیا سَحری کھانا بھی نیت ہے؟
مسئلہ: [5] سَحری کھانا بھی نیّت ہے، خواہ رمضان کے روزے کے لیے ہو، یا کسی اور روزہ کے لیے، مگر جب سَحری کھاتے وقت یہ ارادہ ہے کہ صبح کو روزہ نہ ہوگا تو یہ سحری کھانا نیّت نہیں۔ [جوہرہ، ردالمحتار]
[ماخوذ از بہار شریعت، جلد اول، حصہ پنجم، روزہ کا بیان۔]
Comments
Post a Comment